حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین شعبۂ اصفہان کے زیرِ اہتمام حوزہ علمیہ اصفہان میں شہادت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے سالانہ مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں علما، طلاب اور محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز زیارتِ عاشورا اور تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت قم المقدسہ سے تشریف لائے معروف قاری نجف علی مومنی کو حاصل ہوئی۔ اس کے بعد نوجوان منقبت خواں حسنین کاظمی اور قاری شہزاد جعفری نے بارگاہِ سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
مجلس سے مدیر مدرسہ الولایہ قم المقدسہ حجت الاسلام سید حسن رضا نقوی نے خطاب کیا۔

انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب، عظمت و منزلت اور سیرتِ مبارکہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص رضائے الٰہی کا طلب گار ہے، اسے چاہیے کہ پہلے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کو راضی کرے، کیونکہ آپؑ کی رضا خدا کی رضا سے وابستہ ہے۔
حجت الاسلام سید حسن رضا نقوی نے سیرتِ طیبہ کی روشنی میں حاضرین کو اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت، اطاعت اور ان کی پیروی کی تلقین کی۔
مجلس کے اختتام پر قم المقدسہ سے تشریف لائے ہوئے سید شہباز حیدر اصفہانی اور قاری شہزاد جعفری نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی بارگاہ میں پرسہ پیش کیا اور اپنے قلبی جذبات و عقیدت کا اظہار کیا۔
مجلسِ عزا میں طلابِ کرام، علماء، مؤمنین اور محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہزادیِ کونین حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت پر غم و اندوہ اور عقیدت کا اظہار کیا۔











آپ کا تبصرہ